بالی وڈ کے امیر ترین اداکار باپ بیٹے امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے ممبئی کے ملنڈ ایسٹ کی ایک ہی عمارت میں 10 اپارٹمنٹ خریدلیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ اور ابھیشیک بچن نے ملنڈ کی عالیشان عمارت ایٹرنیا میں 24کروڑ95 لاکھ بھارتی روپے میں 10 اپارٹمنٹس خریدے ہیں، رئیل اسٹیٹ میں نئی سرمایہ کاری کے بعد رواں برس امیتابھ اور ابھیشیک کا پورٹ فولیو 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا ہوگیا ہے۔
میڈیا کا بتانا ہے کہ ملنڈ کے 10 اپارٹمنٹس میں سے 6 ابھیشیک اور 4 امیتابھ بچن کی ملکیت ہیں، امیتابھ کی ملکیت کا ہر اپارٹمنٹ 1154.75 مربع فٹ ہے جب کہ ابھیشیک کے 4 اپارٹمنٹ اسی سائز کے اور باقی دو 1004.05 مربع فٹ کے ہیں۔
بگ بی اور ابھیشیک نے ایٹرنیا کے سی ونگ میں 20 ویں، 21 ویں اور 23 ویں منزل کے 10 اپارٹمنٹس خریدے ہیں جب کہ بچن خاندان کی رئیل اسٹیٹ میں ایک ساتھ بڑی سرمایہ کاری رواں ماہ 9 اکتوبر کو رجسٹرڈ ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن نے ایک ہی پروجیکٹ میں متعدد جائیدادیں پہلی بار نہیں خریدی ہیں، گزشتہ برس انہوں نے ممبئی کے ویرا دیسائی روڈ پر 3 آفسز اور اسی عمارت میں مزید4 یونٹ خریدے تھے ۔
دوسری جانب رواں برس مئی میں ابھیشیک بچن نے ممبئی میں اوبرائے اسکائی سٹی میں 14کروڑ 52 لاکھ روپے میں 6 اپارٹمنٹس خریدے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن نےملک بھر میں متعدد جگہوں پر رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے جبکہ گزشتہ 5 سالوں( 2020 سے 2024 ) کے دوران بگ بی اور ابھیشیک بچن نے بھارت بھر میں تقریباً 220 کروڑ روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں۔