بولی وڈ میگا اسٹار 78 سالہ امیتابھ بچن نے 28 فروری کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں مختصر معلومات کے ساتھ مداحوں کو بتایا تھا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے اور وہ سرجری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
امیتابھ بچن نے واضح طور پر مداحوں کو نہیں بتایا تھا کہ وہ کس قسم کی سرجری کے مرحلے سے گزر رہے ہیں اور آیا کہ ان کا آپریشن ہوگیا یا ابھی ہوگا؟
تاہم ان کی پوسٹ کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداح پریشان ہوگئے تھے اور ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے لگے۔
زائد العمر ہوجانے کی وجہ سے پہلے ہی امیتابھ بچن کے مداح ان کی صحت کے لیے فکر مند رہتے ہیں، اور اس پر 28 فروری کو انہوں نے سرجری کا انکشاف کرکے مداحوں کو مزید پریشان کردیا تھا۔
تاہم اب انہوں نے اپنی بلاگ پوسٹ اور ٹوئٹ میں مداحوں کو بتایا ہے کہ ان کی سرجری ہوچکی اور ان کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنی بلاگ پوسٹ میں سرجری کے بعد کھچوائی گئیں اپنی متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
میگا اسٹار نے اپنی متعدد تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں بظاہر خوش اور صحت مند دیکھا جا سکتا ہے۔
تصاویر میں امیتابھ بچن کے گال اور آنکھ کے قریب ’بینڈیج‘ دیکھا جا سکتا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اسی جگہ پر ان کی سرجری کی گئی۔