گزشتہ کچھ ہفتوں سے طیاروں کو بم سے اڑانے کی درجنوں دھمکیاں روزانہ مل رہی ہیں، لیکن اب تک جو خبریں سامنے آئی تھیں اس میں سبھی دھمکیوں کو افواہ قرار دیا گیا تھا۔ لیکن اب ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جو دہشت میں ڈالنے والا ہے۔ دبئی سے دہلی پہنچنے والے ایئر انڈیا کے ایک طیارہ میں گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
معاملہ 27 اکتوبر کا ہے، لیکن اس کی اطلاع اب دی جا رہی ہے۔ یعنی اب تک طیاروں کو بم سے اڑانے کی ملی سینکڑوں دھمکیاں بھلے ہی افواہ ہوں، لیکن ایئر انڈیا کے ایک طیارہ میں گولہ بارود برآمد ضرور ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرانڈیا کا طیارہ دبئی سے جب دہلی پہنچا تو ایک خاص جگہ پر گولہ بارود دکھائی دی۔ اس کے بعد مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلائٹ کے اسٹاف نے سبھی مسافروں کو بہ حفاظت طیارہ سے اتارا، اور پھر بعد میں اس معاملے کی شکایت پولیس سے کی گئی۔ پھر پولیس نے اس پورے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی۔ حالانکہ اس سلسلے میں بہت زیادہ جانکاری فی الحال نہیں دی گئی ہے۔
ایئر انڈیا کے ایک ترجمان کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق 27 اکتوبر 2024 کو دبئی سے دہلی میں اترنے کے بعد پرواز نمبر آئی-916 کی ایک سیٹ کے پاکیٹ یعنی جیب میں ایک گولہ بارود کارتوس پایا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ گولہ بارود کے بارے میں پتہ چلتے ہی سبھی مسافروں کو بہ حفاظت طیارہ سے اتارا گیا۔ ایئر انڈیا کے ذریعہ اصولوں پر سختی سے عمل کرتے ہوئے فوراً ہوائی اڈہ پولیس میں شکایت درج کی گئی تھی۔