ایمنسٹی انٹرنیشنل نے غزہ کے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے زیرحراست بعض فلسطینی قیدیوں کی شہادت کے بارے میں تحقیقات کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کو چاہیے کہ غزہ میں قیدی بنائے جانے والے تمام فلسطینیوں کو رہا کرے اور فلسطینی قیدیوں کی شہادت اور بعض لاپتہ ہونے والے فلسطینیوں کے بارے میں وضاحت پیش کرے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی علاقائی امور کی سربراہ ہبہ مرائف نے صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے عام شہریوں کو قیدی بنائے جانے کو جنگی جرم قرار دیا۔ اس سے قبل ایک صیہونی اخبار نے لکھا تھا کہ غزہ کے زیر حراست بعض قیدی، کہ جنہیں بئرالسبع کے قریب سدیہ تیمان ڈی ٹینشن مرکز میں رکھا گیا تھا، سخت حالات اور شدید ایذاؤں کی بنا پر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
غاصب صیہونی حکومت کے آرمی چیف نے بھی چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے تقریبا ایک ہزار فلسطینی شہریوں کو غزہ میں حراست میں لیا ہے۔