کلکتہ 23فروری (یواین آئی) ”امفان طوفان“ کو گزرے ہوئے تین دن ہونے کے باوجود صورت حال معمول پر نہیں آنے کی وجہ سے عام لوگوں میں غصہ آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔
چناں چہ اس صورت حال کا ادراک کرتے ہوئے ریاستی سیکریٹریٹ نے حالات کو معمول پر لانے کیلئے فوج سے مدد لی ہے۔اس کے علاوہ حکومت نے ریلوے پولس اہلکار اور بندرگاہوں پرتعینات افسران سے بھی مدد طلب کی ہے۔
مغربی بنگال محکمہ داخلہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امفان کے بعد ریاست میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے انتظامیہ ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور رات دن کام کئے جارہی ہے۔چوں کہ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئے ہیں اس لئے ہمیں حالات کو معمول پر لانے کیلئے مزید عملے کی ضرورت ہے۔
اس لئے بنگال حکومت نے فوج، ریل اور بندرگاہ کے حکام سے مدد کی اپیل کی ہے۔خیال رہے کہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف اہلکارپہلے سے ہی سرگرم ہے۔