ممبئی: بالی ووڈ میں امرتا سنگھ کا ایسی اداکاراوں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اسی اور نوے کی دہائی میں اپنی دلکش اداوں سے ناظرین کو مسحورکر دیا۔9 فروری 1958 کو پیدا ہونے والی امرتا سنگھ نے اپنے کیریئر کا آغاز سال 1983 میں آئی فلم بیتاب سے کیا۔دھرمیندر کے بینر تلے بنی اس فلم میں امرتا سنگھ کے ہیرو سنی دیول تھے اور ان کی بھی یہ پہلی فلم تھی ۔ سنی اور امرتا کی جوڑی کو ناظرین بے حد پسند کیا اور فلم ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔سال 1984 میں امرتا کو ایک بار پھر سنی کے ساتھ فلم ‘سنی’ میں کام کرنے کا موقع ملاس فلم کو ٹکٹ کھڑکی پر اوسط کامیابی ملی۔ 1985 میں امرتا نے انل کپور کے ساتھ صاحب میں کام کیااس فلم میں امرتا اور انل پر فلمایا گیا نغمہ’ یار بنا چین کہاں رے ‘ آج بھی کافی مقبول ہے ۔سال 1985 میں آئی فلم مرد امرتا کے کیریئر کے لئے ایک سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی منموہن دیسائی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں امرتا کو سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔میتابھ اور امرتا کی جوڑی کو بھی ناظرین نے بے حد پسند کیا ۔ سال 1986 میں امرتا سنگھ کی فلم ‘نام’ اور’ چمیلی کی شادی’ جیسی سپر ہٹ فلمیں ریلیز ہوئیں ۔نام میں جہاں امرتا نے سنجیدہ کردار ادا کیا تھا وہیں چمیلی کی شادی میں انہوں نے مزاحیہ کردار ادا کیا ناظرین نے اسے بھی پسند کیا اور سال 1989 میں امرتا کو امیتابھ کے ساتھ طوفان اور جادوگر جیسی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلموں ٹکٹ کھڑکی پر کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔سال 1993 میں آئی فلم آئینہ امرتا سنگھ کے کیریئر کی قابل ذکر فلموں میں شامل ہے ۔
اس فلم میں امرتا کا کردار کسی حد تک منفی تھا باوجود اس کے ناظرین نے انہیں پسند کیا۔اس فلم کے لئے انہیں بہترین معاون اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔سال 1991 میں امرتا نے سیف علی خان سے شادی کر لی تاہم یہ شادی زیادہ دن تک نہیں چلی ۔سال 2004 میں امرتا اور سیف کی راہیں جدا ہوگئیں۔سال 1993 میں ریلیز ہوئی فلم رنگ کے بعد امرتا نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کر لی۔سال 2002 میں ریلیز ہوئی فلم 23 مارچ 1931 شہید کے ذریعہ امرتا نے ایک بار پھر بالی وڈ میں واپسی کی۔ امرتا ان دنوں کریکٹر ایکٹر کے طور پر کام کر رہی ہیں ۔سال 2013 میں آئی فلم اورنگزیب میں امرتا نے منفی کردار ادا کیا تھا۔ امرتا نے سال 2014 میں ریلیز ہوئی سپر ہٹ فلم 2 اسٹیٹس میں بھی کام کیا ہے اور 2016میں ان کی فلائنگ جٹ فلم ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے ماں کا کردار ادا کیا ہے ۔