اترپردیش کے امروہہ ضلع میں نامعلوم جرائم پیشہ عناصر نے بی جے پی کے رکن اسمبلی مہندر سنگھ کھڑگ ونشی کے ماما (70 سال) کا گولی مار کر قتل کر کے سنسنی پھیلا دی ہے۔ قتل کا یہ معاملہ ریاست میں بگڑتی نظم و نسق کی صورت حال اور انتظامیہ کی نااہلی کی گواہی دے رہا ہے۔ واقعہ کے بعد لوگوں میں زبردست غصہ کا ماحول ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کوتوالی حلقہ کے گاؤں گھنسور پور میں حسن پور کے ایم ایل اے مہندر کھڑگ ونشی کے ماما ستیہ پرکاش کھڑگ ونشی کا کنبہ رہتا ہے۔ ستیہ پرکاش روزانہ گھر کے پاس ہی بنے مویشی گاہ میں سویا کرتے تھے۔ بدھ کی رات بھی وہ مویشی گاہ میں ٹین شیڈ کے نیچے چارپائی پر سو رہے تھے۔ درمیانی رات میں کچھ بدمعاشوں نے مویشی گاہ میں داخل ہو کر ان کے سینے میں بائیں طرف گولی مار دی۔
گولی کی آواز سن کر رشتہ دار اور دیہی لوگ جائے وقوع کی طرف دوڑے۔ اس دوران جرائم پیشہ عناصر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی کو علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں لے جایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد ریفر کر دیا گیا۔ اس کے بعد زخمی مریض کو امروہہ اور امروہہ سے مراد آباد لے جایا گیا جہاں رات کے 2 بجے انہوں نے دم توڑ دیا۔ موت کے بعد ان کی لاش کو واپس گاؤں لے جایا گیا۔
ستیہ پرکاش کھڑگ ونشی کے موت کی خبر ملتے ہی رشتہ داروں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور سی او دیپ کمار پنت جائے وقوع پر پہنچے اور جانچ کی کارروائی شروع کی۔
فارینسک اکسپرٹ کی ٹیم نے شواہد یکجا کئے ہیں۔ پولیس معاملہ کو کسی رنجش سے جوڑ کر دیکھ رہی ہے۔ حالانکہ مقتول کے بھتیجا نے کسی بھی طرح کی رنجش سے انکار کیا ہے۔ فی الحال قتل واقعہ کی اصل وجہ کا صاف پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دیپ کمار پنت کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ کئی نقطوں پر جانچ کی کارروائی ہو رہی ہے اور جلد ہی قتل کی وجہ کا پتہ لگا لیا جائے گا اور واقعہ انجام دینے والوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔