اپنی انسان دوستی اور خدمت خلق کے لئے مشہور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹروں نے پریاگ راج کمبھ میلے میں اپنی طبی خدمات انجام دے کر قومی یکجہتی کی ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے ۔
اے ایم یو کے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کی 21 رکنی میڈیکل ٹیم ان دنوں کمبھ میلے میں عقیدت مندوں کا مفت علاج کر رہی ہے ۔ اے ایم یو کی ٹیم اب تک ہزاروں مریضوں کی طبی جانچ کرکے ان کو مفت دوائیں مہیا کرا چکی ہے۔
پندرہ جنوری سے شروع ہونے والے کمبھ میلے میں اب تک دو کروڑ سے زیادہ افراد سنگم کا اسنان کر چکے ہیں ۔ کمبھ میلے میں ہزاروں افراد کی آمد و رفت کا سلسلہ جا ری ہے ۔ یہاں آنے والے عقیدت مندوں کے لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹروں نے اپنی مفت طبی خدمات پیش کی ہیں ۔ اے ایم یو کے وسیع طبی کیمپ میں اب تک سینکڑوں مریضوں کی نہ صرف طبی جانچ کی گئی ہے بلکہ ان کو مفت دوائیں بھی فراہم کی گئی ہیں ۔
اے ایم یو کی طبی ٹیم چوبیس گھنٹے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ کمبھ میں آنے والا کوئی بھی یاتری کسی بھی وقت علاج کے لئے طبی کیمپ آ سکتا ہے۔ یہاں مریضوں کے لئے پیشگی طور پر طبی سہولیات مفت فراہم کی گئی ہیں ۔مریضوں کی ضروری جانچ کے بعد ان کو مفت دوائیں بھی مہیا کرائی جا رہی ہیں۔ اے ایم یو کے ڈاکٹروں کی محنت اور جذبہ کو دیکھ کر کمبھ میں موجود سادھو سنت بھی ان کی خوب پذیرائی کر رہے ہیں ۔