علی گڑھ ۔ امریکہ کی یو ایس نیوز ایجوکیشن نے بیسٹ گلوبل یونیورسٹیز رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ ریاضی کو دنیا میں 129واں مقام عطا کیا ہے۔ اس کے علاوہ یو ایس نیوز ایجوکیشن نے اے ایم یو کے بایولوجی اور بایوکیمسٹری شعبوں کو 305واں مقام اور فزکس شعبہ کو 460واں مقام دیا ہے۔
اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس سلسلہ میں اپنا ردّ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یوایس نیوز ایجوکیشن کی جانب سے اے ایم یو کے تین شعبوں کو دنیا میں اعلیٰ مقام دیا جانا ہمارے لئے باعث فخر و مسرت ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ رینکنگ اس بات کا غماز ہے کہ اس یونیورسٹی کا شمار ممتاز ترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے اور ملکی و غیر ملکی طلبہ یہاں داخلہ میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں۔
اے ایم یو کے ریاضی، بایولوجی اور بایوکیمسٹری شعبوں کو عالمی درجہ بندی میں عمدہ رینک
فائل فوٹو
شعبۂ ریاضی کے سربراہ پروفیسر ایم مرسلین نے شعبہ کو اونچی رینک حاصل ہونے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو کے شعبۂ ریاضی کا شمار شروع سے ہی دنیا کے ممتاز شعبوں میں ہوتا رہا ہے اور اس شعبہ سے قومی و بین الاقوامی سطح کے ماہرینِ ریاضی پیدا ہوتے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اے ایم یو کا شعبۂ ریاضی ملک کا واحد شعبہ ہے جسے یہ رینک عطا کی گئی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اے ایم یو کا شعبۂ ریاضی، سال 2015ء سے اپنی عالمی رینکنگ برقرار رکھے ہوئے ہے۔