عین ممکن ہے کہ کتابوں کے شوقین افراد اپنی پسند کی کسی کتاب کو نصف یا ایک دن یا زیادہ سے زیادہ دو دن میں مکمل کر لیتے ہوں۔
لیکن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کا 11 سالہ بچہ ایسا بھی ہے جو بعض کتابوں کو محض 4 گھنٹوں میں پڑھ کر مکمل کرلیتا ہے اور وہ ایک ہی دن میں 2 یا کبھی کبھار تین کتابیں پڑھ کر مکمل کر لیتا ہے۔
جی ہاں، دبئی کا 11 سالہ طالب علم سلطان علی مزروئی یومیہ کم از کم ایک اور سال بھر میں 300 کتابیں پڑھنے والا ہونہار کم عمر بچہ ہے۔
عرب اخبار گلف نیوز کے مطابق سلطان علی مزروئی نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے کتابیں پڑھنے کے مقابلے عرب ریڈنگ چیلنج میں شرکت کرکے مقامی مقابلہ بھی جیتا۔
سلطان علی مزروئی کی عمر محض 11 سال ہے اور وہ ابھی مڈل اسکول کے طالب علم ہیں مگر گھر میں انتہائی بڑی لائبریری کی سہولت موجود ہونے اور والدین کی جانب سے مطالعے کی حوصلہ افزائی کرنے کے باعث وہ حیران کن رفتار کے ساتھ کتابیں پڑھ کر پوری کرتے ہیں۔









