نئی دہلی، 27 فروری (یواین آئی) کورونا وائرس کا سامنا کر رہے چین کے شہر ووہان سے 32 غیر ملکی شہریوں سمیت 112 ہندوستانی شہریوں کو لے کر ایئر فورس کا طیارہ جمعرات کی صبح دہلی پہنچا۔
حکومت نے خوفناک وبا سے برسرپیکار چین کے لوگوں کی مدد کے لئے 15 ٹن طبی اور امدادی سامان لے کر ہندوستانی فضائیہ کاطیارہ سی -17 کو بدھ دیر شام کو ووہان بھیجا تھا اور یہ طیارہ آج مجموعی طور پر 112 مسافروں کو لے کر دہلی کے اندرا گاندھی ہوائی اڈے پر پہنچا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 8 فروری کو چین کے صدر شی جن پنگ کو خط لکھ کر کورونا وائرس سے نمٹنے کی کوششوں میں یکجہتی کا اظہار کیا تھا اور چین کی ضرورتوں کے مطابق ہندوستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش کی تھی۔طبی سامان کی فراہمی سے چین کو اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی جسے عالمی ادارہ صحت کی طرف سے عالمی صحت ایمرجنسی قرار دیا گیا ہے۔