ایک نئی سروے رپورٹ میں اخراجاتِ زندگی کے لحاظ سے سنگاپور کو دنیا کا مہنگا ترین جب کہ قازقستان کے دارالحکومت الماتے کو سستا ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ دنیا کے دس مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں عرب دنیا کا کوئی شہر نہیں پایا جاتا۔ البتہ دس سستے ترین شہروں میں عرب دنیا کا ایک شہر الجزائر شامل ہے۔
اکنامسٹ گروپ کے اکنامسٹ انٹیلجنس یونٹ EIU کی جانب سے ہونے والے اس سروے میں دنیا کے 133 مرکزی شہروں کو شامل کیا گیا۔ سروے کا مقصد محدود بجٹ کے حامل افراد کے واسطے سفر کے لیے مناسب مقامات کا تعین کرنا ہے اور مہنگے ترین شہروں سے آگاہ کرنا ہے تاکہ یہ افراد بھاری اخراجات سے بچ سکیں۔
برطانوی اخبار “ڈیلی ٹیلی گراف” میں شائع سروے کے نتائج کے مطابق مغربی یورپ اور مشرقِ بعید میں واقع شہر دنیا میں مہنگے ترین ہیں۔ تاہم حیرت انگیز امر یہ ہے کہ اپنی مہنگائی کے سبب مشہور بعض شہر دنیا کے دس مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں شامل نہیں۔ اس کی مثال برطانوی دارالحکومت لندن ہے جو مہنگائی اور بلند اخراجاتِ زندگی کے لحاظ سے عالمی فہرست میں 24 ویں نمبر پر ہے۔
سروے کے مطابق دنیا کے دس مہنگے ترین شہر یہ ہیں :
1 – سنگاپور
2 – ہانگ کانگ
3 – زیورخ
4 – ٹوکیو
5 – اوساکا
6 – سیؤل
7 – جنیوا
8 – پیرس
9 – نیویارک
10 – کوپن ہیگن
اعداد و شمار کے نگراں خصوصی ڈائریکٹر جان کوبسٹک کا کہنا ہے کہ دنیا کے دس مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں اس وقت یورپ کے صرف چار شہر شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج سے دس برس قبل دس مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں آٹھ شہروں کا تعلق یورپ سے ہوتا تھا جب کہ اب یہ تعداد نصف ہو چکی ہے۔
سروے کے مطابق عالمی سطح پر دس سستے ترین شہروں کی فہرست درج ذیل ہے :
1 – الماتے (قازقستان)
2 – لاگوس (نائیجیریا)
3 – بنگلور (بھارت)
4 – کراچی (پاکستان)
5 – الجزائر شہر (الجزائر)
6 – چنائے (بھارت)
7 – ممبئی (بھارت)
8 – کیو (یوکرین)
9 – بخارسٹ (رومانیہ)
10 – نئی دہلی (بھارت)