سری نگر، 4 جون جنوبی ضلع اننت ناگ کے ریشی پورہ کپرن گاوں میں سیکورٹی فورسزاور جنگجووں کے مابین شبانہ تصادم آرائی میں حزب المجاہدین سے وابستہ کمانڈر ہلاک ہوا ہے جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ تصادم میں کالعدم جنگجو تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ ایک کمانڈر ہلاک ہوا ہے۔انہوں نےمہلوک کمانڈر کی شناخت نثار کھانڈے کے بطور کی ہے۔
موصوف آئی جی پی نے ٹویٹ میں کہا کہ مہلوک کی تحویل سے ایک اے کے47 سمیت اسلحہ و گولہ بارود اور کچھ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔بتادیں کہ اس تصادم آرائی کے دوران گذشتہ شام تین فوجی اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے تھے جنہیں علاج و معالجے کے لئے فوجی ہسپتال بادامی باغ سری نگر منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔