دبئی: متحدہ عرب امارات میں رمضان کا چاند نظر آنے کے بعد دبئی کی انتظامیہ نے گرانفروشوں کیلئے انتباہ جاری کر دیا ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قیمتوں میں ہیرا پھیری پر ایک لاکھ درہم جرمانہ ہو گا۔
دبئی: دبئی میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ پر گہری نظر رکھی جائے گی، جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافے اور ہیرا پھیری کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹیز نے رمضان سے قبل مختلف مارکیٹس اور تجارتی مراکز کے دورے شروع کر دیے ہیں تاکہ قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔چاول، دودھ، چینی، کوکنگ آئل اور دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کنزیومر پروٹیکشن حکام نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ضروری اشیاء کی قیمتیں مقررہ حد سے زیادہ بڑھانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
تاجروں کو باقاعدہ وارننگ جاری کر دی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات کی مکمل پابندی کریں اور منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔ عوام بھی قیمتوں میں اضافے یا کسی بھی قسم کی بدعنوانی کی صورت میں متعلقہ اداروں کو شکایت درج کرا سکتے ہیں جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق اگر کسی تاجر یا کاروباری ادارے نے رمضان میں قیمتوں میں غیرقانونی رد و بدل کیا تو اس پر ایک لاکھ درہم (تقریباً25 lakh روپے) تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔