ہندوستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائیزیشن(اسرو) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ چاند پر اپنا دوسرا خلائی مشن بھیجے گا۔
یہ دوسرا موقع ہوگا کہ بھارت اپنا خلائی مشن چاند پر بھیجے گا اور اگر اس بار انڈیا کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو چاند پر پہنچنے والا بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔
اس مشن سے قبل ہندوستان نے 2008 میں بھی چاند پر خلائی مشن بھیجا تھا، تاہم وہ مشن کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔
اب بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے اور سائنسدانوں کو یقین ہے کہ اس بار بھارت اپنے مشن میں کامیاب جائے گا۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرا اپنا دوسرا خلائی مشن آئندہ ماہ 15 جولائی کی شب کو چاند پر بھیجے گا۔
ہندوستان نے چاند پر بھیجے جانے والے دوسرے مشن کو ’چاند رایان 2‘ کا نام دیا ہے۔
اگر بھارت کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پر اتر گیا تو امریکا، سابق سوویت یونین (روس) اور چین کے بعد بھارت دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا جس کا مشن چاند پر اترے گا۔
منصوبے کے تحت بھارت کا چاند مشن 15 جولائی کی شب روانہ کیا جائے گا جو ایک ماہ سے کم عرصے میں 6 ستمبر تک چاند پر اترے گا۔
’چاند رایان 2‘ چاند پر 13 سائنسی خلائی سیٹلائٹس اور مشینوں کے ساتھ چاند پر جائے گا۔
’چاند رایان 2‘ میں کھدائی مشین، لینڈنگ مشین اور موبائل مشین سمیت اعلیٰ درجے کی کوالٹی کا کیمرا بھی چاند پر بھیجا جائے گا جو چاند کے قطب جنوب میں اترے گا۔