ہندوستان میں کورونا کی صورتحال بدستور خطرناک سے خطرناک ہوتی جا رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 19 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو ئے جبکہ مزید 2 ہزار 771 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق نئی دلی کے ہسپتالوں میں جگہ ختم ہو چکی ہے، مریضوں کو آکسیجن نہیں مل رہی۔ کورونا کی خوفناک صورتحال کےباعث صحت کے حکام نے شہریوں کو گھروں میں بھی ماسک پہننے کی ہدایت کر دی ہے۔
دوسری جانب وزیر ریلوے پیوش گوئل نے ٹوئٹر پر کہا کہ قومی دارالحکومت کے مریضوں کے لئے تقریبا 70 ٹن حیات بخش آکسیجن والی پہلی آکسیجن ایکسپریس ٹرین منگل کی صبح یہاں پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ اس آکسیجن کو دارالحکومت کے مختلف اسپتالوں میں پہنچایا جائے گا۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مئی کے وسط تک روزانہ کے کیسز پانچ لاکھ تک پہنچ جائیں گے، عالمی ادارہ صحت نے ہندوستان کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آکسیجن سلنڈرز اور اسٹاف بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔