پیرس، یکم نومبر (ژنہوا) فرانس میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) کے مزید 35،641 نئے کیسز کی رپورٹ ملی ہے ، جس سے اس ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ سے بڑھ کر 14،12،709 ہوگئی ہے۔
فرانس کے محکمہ صحت نے ہفتے کو یہ اطلاع دی۔ اسی عرصہ کے دوران فرانس میں کووڈ 19 سے 223 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 36،788 ہوگئی۔ اس سے قبل فرانس میں جمعہ کے روز کورونا کے 49،215 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ جبکہ 25 اکتوبر کو کورونا کے 52،010 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ فرانس میں کورونا وائرس کے 23،036 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں ، جن میں سے 3452 کی حالت تشویشناک ہے۔
فرانس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت نے ملک میں جزوی طور پر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ صحت کی ہنگامی صورتحال اور ضروری کاموں کے لئے لوگوں کو صرف اپنے گھروں سے باہر کام کے مقام پر جانے کی اجازت ہے۔ فرانس میں بار ، کیفے ، جم اور ریسٹو رنٹس بند کردیئے گئے ہیں۔
فرانسیسی حکومت کوامید ہے کہ ایک ماہ کے لئے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے یومیہ سامنے آنے والے کورونا کے نئے کیسز پانچ ہزار تک محدود ہوسکتے ہیں۔