واشنگٹن: جنوبی اور وسط مغربی امریکا میں خوفناک طوفانوں اور آندھیوں کا سلسلہ اب تک 32 افراد کی جان لے چکا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق کم از کم سات امریکی ریاستوں میں 50 سے زائد طوفانوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جہاں طوفان اور آندھیوں نے گھروں اور عمارتوں کو تباہ کردیا اور درختوں اور گاڑیوں کو ہوا میں اُڑا پھینکا۔
ریاست آرکنساس کی کاؤنٹی وائن میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ کاؤنٹی کی مغربی حد سے مشرقی حصے تک تباہی کا سلسلہ جاری رہا۔ میئر جینیفر ہوبز نےسی این این کو بتایا کہ ہمیں تباہ شدہ خاندانوں کی بحالی میں مدد کے لیے ہر ممکن مدد کی ضرورت ہے۔
ریاست آرکنساس، انڈیانا اور ٹینیسی میں طوفانوں کے نتیجے میں متعدد اموات کی تصدیق ہوئی ہے، جہاں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ ٹینیسی کے شہر میمفس میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے اور ایک بالغ گھروں پر چھتیں گرنے سے ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب ریاست ٹینیسی کی کاؤنٹی میک نیری میں طوفانوں کے نتیجے میں نو ہلاک ہوئے۔ میئر لیری اسمتھ نے سی این این کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طوفان نے ہماری کاؤنٹی کو ایک سرے سے لے کر دوسرے سرے تک لپیٹ میں لے لیا۔ میئر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی حکام منہدم عمارتوں میں دبے لوگوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسی طرح ریاست انڈیانا میں پانچ اموات اور الینوائے میں چار افراد کی اطلاع ہے جن میں ایک شخص اس وقت چھت گرنے سے ہلاک ہوا جب 200 افراد کنسرٹ میں شریک تھے۔ ریاستی اور مقامی حکام نے الاباما، مسیسیپی اور ڈیلاویئر میں بھی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔