نئی دہلی : قومی راجدھانی میں پیر کی صبح زہریلی دھند کی دبیز چادر چھائے رہنے کے باعث کئی مقامات پر ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) ‘انتہائی خراب’ زمرے میں پہنچ گیا۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق آج صبح عبد الکلام روڈ پر اے کیو آئی 394 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آنند وہار میں گھنی دھند کے باعث اے کیو آئی 383 اور غازی پور میں 369 درج کیا گیا، جو ‘انتہائی خراب’ زمرے میں آتے ہیں۔
اکشردھام علاقے سے بھی اسی طرح کی صورتحال کی اطلاع ملی، جہاں اے کیو آئی 382 تک پہنچ گیا۔
انڈیا گیٹ اور کَرتوِیہ پَتھ کے آس پاس کا علاقہ آلودگی کی موٹی تہہ سے ڈھکا رہا، جہاں اے کیو آئی 341 ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ سی پی سی بی کی درجہ بندی کے مطابق 0-50 ‘اچھا’، 51-100 ‘قابل اطمینان’، 101-200 ‘درمیانہ’، 201-300 ‘خراب’، 301-400 ‘انتہائی خراب’، 401-500 ‘خطرناک’ تصور کیا جاتا ہے۔
قومی دارالحکومت میں ہوا کے معیار میں گراوٹ کے بعد، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) نے 11 نومبر کو پورے این سی آر میں گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) فیز-3 نافذ کر دیا۔ ان اقدامات کا مقصد تعمیراتی سرگرمیوں، گاڑیوں کی آمدورفت اور صنعتی کاموں پر سخت پابندیوں کے ذریعے اخراج کو کنٹرول کرنا ہے۔
گریپ-3 کے تحت پابندیوں میں بیشتر غیر ضروری تعمیراتی کاموں پر پابندی، بی ایس-3 پیٹرول اور بی ایس-4 ڈیزل والی چار پہیہ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی
جماعت 5 تک کے طلبا کے لئے اسکول بند، ہائبرڈ یا آن لائن نظام تعلیم کی طرف منتقلی، صاف ستھرا ایندھن استعمال نہ کرنے والی صنعتوں پر پابندی، اگر ہنگامی حالات نہ ہو تو ڈیزل جنریٹر کے استعمال پر پابندی شامل ہیں۔