بیت المقدس: اسرائیل کے شمالی شہر عکا میں مقامی عرب باشندے نے گاڑی کی ٹکر سے ایک پولیس افسر اور دو اسرائیلی فوجیوں کو زخمی کردیا جبکہ پولیس کی فائرنگ سے گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل نے واقعے کو ’دہشت گردی‘ قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز رفتار کار کی ٹکر سے پولیس افسر ہوا میں اُچھل کر زمین پر آگرا۔
پولیس کے مطابق ایک پولیس افسر کو مارکیٹ کے پاس ٹکر ماری گئی جبکہ باقی دو اسرائیلی فوجیوں کو ٹرین اسٹیشن کے پاس نشانہ بنایا گیا۔
تاہم واقعے کے ذمہ دار ڈرائیور کی شناخت اور اس کی حالات کے بارے میں تحقیقاتی کمیٹی نے معلومات فراہم نہیں کیں۔
واضح رہے کہ فلسطینی اور عرب شہری اسرائیل کی فوج اور پولیس کے خلاف ہٹ اینڈ رن کی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔
عکا شہر میں عرب اور یہودی اسرائیلی، دونوں ہی آباد ہیں۔