سری نگر، 20 اکتوبر (یو این آئی) جنوبی کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو الگ الگ جگہوں پر ہونے والی مسلح جھڑپوں میں چار جنگجو مارے گئے ہیں۔
یہ مسلح جھڑپیں ضلع شوپیاں کے ملہورہ اور ضلع پلوامہ کے ہاکری پورہ کاکہ پورہ میں رونما ہوئی ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملہورہ شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان پیر کی شام چھڑنے والے تصادم میں دو عدم شناخت جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جنگجو پیر کی شام ہی مارا گیا تھا جبکہ دوسرا ایک منگل کی صبح مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جنگجوؤں کی لاشوں کو اسلحہ سمیت برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شب آپریشن کو تاریکی کے پیش نظر روک دیا گیا تھا تاہم کارڈن کو مزید سخت کیا گیا تھا تاکہ پھنسے ہوئے جنگجو بھاگنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ ملہورہ میں آپریشن دو جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے رائفل اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے۔
قبل ازیں ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 55 آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے شوپیاں کے ملہورہ علاقے کو پیر کی شام دیر گئے محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
دریں اثنا ضلع پلوامہ کے ہاکری پورہ میں منگل کو دوپہر کے وقت چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجو مارے گئے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ کے ہاکری پورہ کاکہ پورہ میں جاری مسلح تصادم میں دو عدم شناخت جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں مزید چار جنگجوئوں کی ہلاکت کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 187 ہوگئی ہے۔ ان میں دو درجن غیر ملکی جنگجو شامل ہیں۔