اقوام متحدہ، 29 ستمبر ( یواین آئی) جرمنی سمیت متعدد دیگر یوروپی ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نگورنو-کاراباخ خطے میں آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین پرتشدد تنازعہ کے معاملہ پر تبادلہ خیال کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق یوروپی ممالک نے منگل کے روز سلامتی کونسل میں ایک اجلاس طلب کیا ہے اور اس معاملے پر بات کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس سلسلہ میں ایک درخواست جرمنی اور دیگر یوروپی ممالک کی جانب سے باضابطہ طور پر سلامتی کونسل کو بھیجی گئی ہے۔
اس سے قبل نگورنو-کاراباخ خطے میں ایک علاقے پر قبضہ کے بارے میں ارمینیا اور آذربائیجان کی فوج کے مابین ایک پُرتشدد لڑائی شروع ہوئی تھی۔ آرمینیا کی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ نگورنو کاراباخ خطہ میں آذربائیجان کی فوج کے ساتھ جھڑپ میں اس کے 16 فوجی ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشنین نے ٹویٹ کیا کہ آذربائیجان نے ارتسخ پر میزائل سے حملہ کیا ہے جس سے رہائشی علاقوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پشنین کے مطابق ارمینیا نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے آذربائیجان کے دو ہیلی کاپٹر ، تین یو اے وی اور دو ٹینک تباہ کردیئے ۔ اس کے بعد ارمینیا ئی وزیر اعظم نے ملک میں مارشل لاء نافذ کرنے کا اعلان کیا۔