لکھنؤ: آٹھویں امام کی شہادت کے غم میں بدھ کو کورونا وائرس کے مسلسل بڑھ رہے انفیکشن کو دیکھتے ہوئے عقیدت مندوں نے آن لائن اور اپنے گھروں میں مجالس وماتم کیا۔ کورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے راجدھانی کے مختلف امامباڑوں، روضوں اور عزاخانوں میں بڑے پیمانے پر ہونے والی مجالس اس سال نہیں ہوئیں بلکہ عقیدت مندوں نے اپنے گھروں اور عزاخانوں میں ہی کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر مجالس وماتم کر کے امام کی شہادت کا غم منایا۔
وہیں سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم فیس بک اور یو ٹیوب پر آن لائن مجالس کو نشر کیا گیا۔ فیس بک پیج شیعہ ہی اصل اہلسنت ہیں اور یو ٹیوب چینل عباس موسوی پر رات آٹھ بجے نشر ہوئی مجلس کو مولانا بلال کاظمی نے خطاب کیا، وہیں رات 9بجے مولانا علی متقی زیدی اور رات دس بجے آخری مجلس کو مولانا مرزا شفیق حسین شفق نے خطاب کیا۔
اس کے علاوہ دیگر فیس بک پیج اور یو ٹیوب چینلوں کے ساتھ ہی مذہبی چینلوں پر بھی مجالس نشر ہوئیں جنہیں دیکھ اور سُن کر عقیدتمندوں نے امام کی شہادت کا غم منایا۔ وہیں خواتین نے گھروں میں فرش بچھا کر امام کے غم میں نوحہ خوانی و سینہ زنی کی۔
منصور نگر واقع عزاخانہ ام البنین میں خواتین نے سوشل ڈسٹینسنگ کے ساتھ شبیہ تابوت کی زیارت کرتے ہوئے دعائیں مانگنے کے ساتھ ہی کورونا انفیکشن کے جلد از جلد خاتمہ کی دعا مانگی۔