نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکن اسمبلی نریش بالیان کو حملے کے ایک الزام میں دہلی پولیس نے آج گرفتار کر لیا۔
جوائنٹ پولیس کمشنر (جنوب مغرب) دپیندر پاٹھک نے کہا کہ شمالی شہر تھانے میں گذشتہ 10 اکتوبر کو ایک شخص کی جانب سے مسٹر بالیان کے خلاف درج حملے کے ایک معاملے میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی کو رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے پوچھ گچھ کے لئے تھانہ بلایا گیا۔ بعد میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ممبر اسمبلی کے ساتھی مہاویر فوجی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں ملزم کو گرفتار کرنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ پولیس کو حقیقت کا پتہ کرنا ہوتا ہے ۔
مسٹر بالیان کو ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا جب نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور اوکھلا کے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان سے الگ الگ مقدمات میں انسداد بدعنوانی کی شاخ کی طرف سے پوچھ گچھ کی گئی۔
پارٹی کے گرفتار شدہ ارکان اسمبلی کی تعداد اب 13 ہو گئی ہے ۔دوسری طرف اس کارروائی پر پارٹی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے ۔