لکھنؤ: درگاہ حضرت عباس علاقہ میں رہنے والے زردوزی کاریگر دانش رضا کے قتل معاملہ میں پولیس نے نامزد ملزم سبزی فروش سونو کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دانش ملزم سونو کی بہن پر غلط نظر رکھتا تھا اسی وجہ سے سونو نے اس کا قتل کردیا۔
انسپکٹر ٹھاکر گنج دیپک دوبے نے بتایا کہ زردوزی کاریگر دانش رضا کے قتل معاملہ میں کنبہ والوں نے کیمپویل روڈ سمنان گارڈن میں رہنے والے سونو عرف باقر علی کو نامزد کیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی اس بات کا انکشاف ہوا تھاکہ دانش کا گلا دباکر قتل کیا گیا تھا۔اس معاملہ میںگزشتہ شب ٹھاکر گنج پولیس نے اہیرن کھیڑا موڑ کے نزدیک سے ملزم سونو کو گرفتار کیا۔ پوچھ گچھ کی گئی تو ملزم سونو نے بتایا کہ دانش اور اس کے درمیان دوستی تھی اور دانش کا اس کے گھر آنا جانا بھی تھا۔اس درمیان دانش اس کی بہن پر غلط نظر رکھنے لگا تھا یہ بات سونو کو بری لگتی تھی۔ سونو نے پولیس کو بتایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل بھی اس کا دانش سے اس بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ انسپکٹر ٹھاکر گنج نے بتایا کہ اتوار کی رات دانش اپنے گھر سے نکلا تھا وہیں ملزم سونو اپنے آبائی ضلع ہردوئی گیا تھا۔ سونو جب رات کو ہردوئی سے اپنے گھر واپس آرہا تھا تو راستہ میں اس کی ملاقات دانش سے ہو گئی۔ سونو نے ایک بار پھر دانش کو اس سلسلہ میں سمجھایا اور اپنی بہن سے دور رہنے کیلئے کہا۔ سونو دانش کو بات چیت کیلئے سونا اینٹ بھٹہ بلا کر لے گیا۔ وہیں پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ سونو نے دانش کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔