لکھنؤ: ۲۰۲۲ میں ہونے والے یوپی اسمبلی انتخابات میں چندر شیکھر بھی حصہ لیں گے۔ اس سلسلے میں وہ جلد ہی سیاسی پارٹی تشکیل دیں گے۔ مارچ کے مہینے میں پارٹی کا رسمی اعلان کیاجائے گا۔ پارٹی اپنے موجودہ شکل میں بھی تنظیم کے مساوی ہی کام کرتی رہے گی۔
بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر نے کہاکہ سیاست ان کی مجبوری ہے ۔ چندر شیکھر اتوار کے روز ایک شادی میں تقریب ہونے کےلئے لکھنؤ پہنچے تھے اور وی وی آئی پی گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ اسی دوران پولیس کو چندر شیکھر کے گھنٹہ گھر جانے کی اطلاع ملی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چندر شیکھر کو گیسٹ ہاؤس میں ہی روک دیا ان سے گفتگو کی۔
پولیس کمشنر سجیت پانڈےنے بتایاکہ چندر شیکھر ایک شادی تقریب میں شرکت کرنےکےلئے آئے ہیں انہیں صرف گھنٹہ گھر جانے سے روکا گیا ہے گھنٹہ گھر پارک چھوڑکر وہ کہیں بھی جاسکتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران چندر شیکھر نے بتایاکہ وہ ۲۰۲۲ کے یوپی اسمبلی انتخابات کے لئے ایک سیاسی پارٹی کی تشکیل کریں گے۔
انہوںنے کہاکہ وہ دسمبر میں ہی اس کا اعلان کرنا چاہتے تھے لیکن سی اے اے نافذ ہونے کے سبب یہ کام رک گیا۔ انہوںنے کہاکہ سی اے اے کے خلاف لڑنا انتخابات میں حصہ لینے سے زیادہ اہم ہوگیا تھا۔ سیاست میں آنے کی بات پر چندر شیکھر کا کہنا تھاکہ یہ ان کی مجبوری ہے۔
انہوںنے کہاکہ مجھے گرفتار کیا جاسکتا ہے ، جیل میںڈالا جاسکتا ہے اور حقوق انسانی کو پامال کیا جاسکتا ہے۔ اسی کےلئے میں سیاست میںآنا چاہتا ہوں تاکہ حالات بدل سکیں اور لوگوں کو ان کے حقوق مل سکیں۔