لکھنؤ : لاک ڈاؤن-4 کے خاتمے کے بعد ان لاک-1 کے درمیان منسوخ چل رہی ٹرینوں کی شروعات دوشنبہ کی صبح سے ہوگئی۔ گومتی ایکسپریس پہلی ٹرین رہی جو لکھنؤ سے صبح ۶ بجے نئی دہلی کیلئے روانہ ہوئی۔ اس کے بعد لکھنؤ چھترپتی شیواجی ٹرمینس اور پھر رات میں لکھنؤ میل دہلی کیلئے روانہ ہوئی۔
لکھنؤ میل اور گومتی اسپیشل اور چھترپتی شیواجی ٹرمینس لکھنؤ ایکسپریس سے سفر کرنے سے قبل سبھی مسافروں کی تھرمل اسکیننگ کی گئی تھی۔ دونوں ٹرینوں کے روانہ ہونے سے قبل مسافروں کی گاڑیوں کو اسٹیشن سے دوری پر ہی روک دیا گیا۔ وہیں مسافر ۹۰ منٹ پہلےچارباغ اسٹیشن پہنچ گئے تھے۔ ویٹنگ لسٹ کے ۳ مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی گئی۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق پورے ملک میں یکم جون سے ۲۰۰ ٹرینوں کو چلایا جا رہا ہے، وہ سبھی ٹرینیں پہلے کی طرح اپنے پرانے وقت کے مطابق چلیں گی اور مقررہ اسٹیشنوں پر ان ٹرینوں کا ٹھہراؤ بھی ہوگا۔ ریلوے افسران نے بتایا کہ مرحلہ وار طریقے سے ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
ان ٹرینوں میں نہیں لگیں گے جنرل کوچ
ممبئی جانے والی پشپک ایکسپریس میں پہلی بار جنرل کوچ نہیں لگائے جائیں گے۔ ممبئی جانے والی پشپک ایکسپریس میں سفر کرنے کیلئے مسافر ۲۴ گھنٹے پہلے ہی لائن لگا دیتے تھے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے سبب اس بار ریلوے نے فیصلہ کیا ہے کہ لکھنؤ میل، پشپک اور گومتی ایکسپریس میں جنرل کوچ نہیں لگائے جائیں گے۔ ان سبھی ٹرینوں میں سلیپر اور اے سی زمرے کے کوچ لگیں گے۔