دہلی کے ہوٹل حیات میں پستول دکھا کر ایک لڑکی کودھمکانے کے معاملہ میں مفرور بہوجن سماج وادی پارٹی (بی ایس پی) کے سابق ممبر پارلیمنٹ راکیش پانڈے کے بیٹے آشیش پانڈے نے جمعرات کو پٹیالہ ہاؤس عدالت میں خود سپردگی کردی۔
عدالت میں ہتھیار ڈالنے سے پہلے پانڈے نے ایک ویڈیو جاری کر کےخود کو بے قصور قرار دیا۔آشیش پانڈے نے کہا’’میڈیا میرے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ وہ مجھے دہشت گرد وں کی طرح دکھا رہا ہے۔ میرے خلاف غیر ضمانتي وارنٹ جاری کر دیا گیا، لیکن ہوٹل کے اس دن کے سي سي ٹي وي فوٹیج دیکھا جائے تو صاف پتہ چل جائے گا کہ کون گناہگار ہے‘‘۔
قابل غور ہے کہ پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے آشیش پانڈے کو گرفتار کرنے کے لئے بدھ کو غیر ضمانتي وارنٹ کیا تھا۔ پولیس نے پانڈے کے فرار ہونے کے بعد معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ اس کے خلاف غیرضمانتي وارنٹ جاری کیا جائے۔ عدالت نے پولیس کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے غیر ضمانتي وارنٹ جاری کیا تھا۔
گزشتہ ہفتہ (14 اکتوبر) کو حیات ریجنسی ہوٹل میں ایک پارٹی کے دوران آشیش پانڈے ہوٹل میں کچھ غیر ملکی لڑکیوں کے ساتھ موجود تھا ۔ لیڈیز واش روم میں اس لڑکی کے ساتھیوں کے ساتھ دوسری لڑکی سے جھڑپ ہو گئی۔ اس کے بعد آشیش نے پستول نکال کر ایک لڑکی کو دھمکی دی تھی۔ ہوٹل کی جانب سے شکایت ملنے کے بعد اس کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ اس معاملہ میں آشیش کے خلاف بدھ کو غیر ضمانتي وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔