جے پور۔ راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے اتوار کو دعوی کیا ہے کہ ریاست کے عوام اگلے عام انتخابات میں ‘جھوٹے وعدوں’ کے لئے سبق سکھانے کے لئے تیار ہیں۔ گہلوت نے جودھپور میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ بھگوا پارٹی کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور آنے والے انتخابات میں یہ دوبارہ اقتدار میں نہیں آنے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں جھوٹے وعدوں کو لے کر عوام میں بی جے پی حکومت کے خلاف بڑی بے چینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں حالیہ ضمنی انتخابات میں پارٹی نے 10 اسمبلی کی نشستیں گنوائی ہیں۔
اشوک گہلوت کا دعویٰ: عوام 2019 کے الیکشن میں بی جے پی کو سبق سکھانے کے لئے تیار
گہلوت نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کرپشن، کالا دھن، روزگار اور کسانوں کو مناسب قیمت دلانے کے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں بری طرح سے ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کسان، نوجوان طلباء اور دلت ناراض ہیں اور یہاں تک کہ تاجر طبقہ بھی خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو مبینہ جھوٹے وعدے بی جے پی نے کئے ہیں ان کے لئے ملک کے عوام اب آئندہ عام انتخابات میں انہیں سبق سکھانے کے لئے تیار ہیں۔ گہلوت نے اس موقع پر نوجوانوں سے اپیل بھی کی کہ ملک کی یکجہتی اور عدم برداشت، تشدد اور نفرت کے ماحول سے لڑنے کے لئے کانگریس جوائن کریں۔