ایشیا کپ 2023 ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ہندوستان نے نیپال کو دس وکٹوں سے ہرادیا اور اس طرح اس نے سُپر4 میں اپنی جگہ بنالی۔
اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے شہر کینڈی میں ہندوستان اور نیپال کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا اور نیپال کو بلے بازی کی دعوت دی۔ نیپال کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے48 اعشاریہ 2 اووروں میں 230 رن بنائے اور ہندوستان کو جیت کے لئے231 رن کا ہدف پیش کیا۔
نیپال کے بلے باز آصف شیخ نے سب سے زیادہ 58 رن بنائے اور ہندوستان کی طرف سے گیند بازی کرتے ہوئے رویندر جڈیجہ اور محمد سراج نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایشیا کپ 2023 کا یہ پانچواں میچ تھا جو سری لنکا کے شہر کینڈی میں واقع پلے کیلے Pallekele انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گيا۔
ہندوستانی ٹیم نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ 2023 کے سپر 4 میں جگہ بنا لی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے 23 اوور میں 145 رن کے نظرثانی شدہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 20 اعشاریہ ایک اوور میں 147 رن بنائے۔
قابل ذکر ہے کہ اس میچ میں بھی بارش نے کئی بار خلل ڈالا اور میچ کو روکنا پڑا۔ بارش کی وجہ سے جیت کے لئے ہدف کو کم کیا گیا جو 23 اوور میں 145 رن تھا لیکن ہندوستانی ٹیم نے یہ ہدف 20 اعشاریہ ایک اوور میں ہی حاصل کرلیا۔