کولمبو : عمدہ گیند بازی اور فیلڈنگ کی بدولت ہندوستان نے منگل کے روز میزبان سری لنکا کو کم اسکور والے میچ میں 41 رن سے شکست دے کر ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں فاتحانہ داخلہ حاصل کر لیا۔
ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 49.1 اوورز میں 213 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 41.3 اوورز میں 172 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہندوستان کی جیت میں گیند بازوں کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کا بھی اہم کردار رہا۔
پاکستان کے خلاف پانچ وکٹیں لینے والے کلدیپ یادیو نے سری لنکا کے خلاف بھی شاندار بؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 43 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جب کہ بیٹنگ میں ناکام رہنے والے رویندر جڈیجہ نے کپتان داسن شنکا (9) اور دھننجے ڈی سلوا (41) کی وکٹیں لینے کے بعد ڈونتھ ویلالگے (41) کے ساتھ بڑھنے والی اس خطرناک شراکت داری کو توڑ دیا جو بالآخر ہندوستان کی جیت کا سبب بنی۔
ہاردک پانڈیا نے درمیانی اوورز میں اپنا کردار بخوبی نبھایا۔ اس نے محتاط بولنگ کی اور مہیش تھیکشنا (2) کی وکٹ لی۔ اس سے قبل جسپریت بمراہ نے پتھم نسانکا (6) اور کوسل مینڈس (15) کی وکٹیں لے کر ہندوستان کی امیدوں کو پنکھ لگا دیا، دیموتھ کرونرتنے (2) کو محمد سراج نے شبھمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔
ہندوستان کی جیت کے باوجود سری لنکا کے آل راؤنڈر ڈونتھ ویلالگے پورے میچ میں توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ بیس سالہ نوجوان ویلالگے نے پانچ اہم وکٹیں لے کر نہ صرف ہندوستان کی اننگز کو کم اسکور تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ بعد میں بلے بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا اور شاندار 42 رنز بنائے ۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ڈنتھ ویلالگے (40 رنز پر پانچ وکٹ) اور چرتھ اسالنکا (18 رنز پر چار وکٹ) کی مہلک اسپن باؤلنگ کے درمیان کپتان روہت شرما (53)، ایشان کشن (33) اور کے ایل راہل (39) کی کارآمد اننگز کی مدد سے ہندوستان نے 49.1 اوور میں 213 رنز بنائے ۔