کولمبو: محمد سراج (21 رن پر چھ وکٹ) اور ہاردک پانڈیا (تین رن پر تین وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو سری لنکا کو دس وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کا خطاب اٹھویں بار جیت لیا۔
یہ ایشیا کپ سمیت ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں ہندستان کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے ۔ ہندوستان کو پانچ سال کے وقفے کے بعد ایشیا کپ کی چمکتی ہوئی ٹرافی گھر لانے کا موقع ملا ہے ۔ اس سے قبل سال 2018 میں ہندوستان نے ایشیا کپ جیتا تھا۔
اس جیت کا سہرا حیدر آباد کے کرشمائی گیند باز محمد سراج کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی لہراتی گیندوں سے سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا اور میزبان ٹیم 15.2 اوور کے کھیل میں صرف 50 رن بنا سکی۔
اس کے ساتھ سراج ون ڈے میں تیز رفتاری سے 50 وکٹیں لینے والے تیسرے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔