ملک کی دو ریاستوں چھتیس گڑھ اور میزورم میں ریاستی اسمبلیوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ چھتیس گڑھ میں 20 سیٹوں کے لئے اور میزورم میں تمام 40 سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق چھتیس گڑھ میں آج منگل کو پہلے مرحلے میں 20 سیٹوں کے لئے اور میزورم میں سبھی سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ اطلاعات کے مطابق چھتیس گڑھ میں 71 اعشاریہ ایک ایک فیصد رائے دہندگان نے ووٹنگ میں حصہ لیا اور میزورم میں 77 اعشاریہ سات ایک فی صد رائے دہندگان نے ووٹ ڈالے۔
میزورم اسمبلی میں کل 40 سیٹیں ہیں اور آج تمام سیٹوں کے لئے ووٹنگ کاعمل انجام پایا۔ میزورم میں 40 نشستوں کے لئے 174 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں جن میں 16 خواتین بھی شامل ہیں۔
ادھر چھتیس گڑھ کی ریاستی اسمبلی 90 نشستوں پر مشتمل ہے جہاں آج پہلے مرحلے میں بیس نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ چھتیس گڑھ کے علاقوں سے سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں جن میں کئی سیکورٹی اہلکاروں کے زخمی ہوئے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں پہلے مرحلے کے الیکشن میں 223 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔