کشی نگر، 17 فروری (یو این آئی) اتر پردیش کے ضلع کشی نگر کے نیبوا نورنگیانامی گاؤں میں بدھ کو دیر رات شادی کی ایک تقریب کے دوران کنوئیں کا سلیب ٹوٹنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 12 سے زائد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، نوجوان اور بچے شامل ہیں۔
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، “کشی نگر ضلع کے گاؤں نورنگیا اسکول ٹولہ کے ایک بدقسمت واقعہ میں گاؤں والوں کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ میری ہمدردیاں مرنے والوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ پربھو شری رام سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس چار لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹولہ گاؤں کے نورنگیا اسکول میں ہلدی کی مٹکوڑ تقریب کے دوران اچانک کنوئیں کا سلیب ٹوٹ گیا اور 25 سے زائد خواتین، بچیاں اور لڑکیاں کنوئیں میں گر گئے۔ مقامی دیہاتیوں کی مدد سے پولیس موقع پر پہنچی اور سب کو کنوئیں سے نکالا۔