غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ کے تمام اسپتالوں پر صیہونی حکومت کی جانب سے حملے کی دھمکی مل رہی ہے-
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرۃ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت نے غزہ کے تمام اسپتالوں پر حملے کی دھمکی دی ہے کہا ہے کہ اس بات کا ڈر پایا جاتا ہے کہ المعمدانی یا الاہلی اسپتال سے زیادہ بڑے اور وسیع حملے دیگراسپتالوں پر کئے جاسکتےہيں-
القدرۃ نے صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں کے جاری حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہے-انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کے تمام تر اہداف رہائشی علاقے اور عام شہری ہیں-
اس سے پہلے غزہ کی وزارت صحت نے کہا تھا کہ صیہونی حکومت کا اہم مقصد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنانا ہے- غزہ کے العودہ اسپتال کے انچارج نے بھی کہا ہےکہ وسائل اور امکانات نہ ہونے کے نتیجے میں ہم بیہوش کئے بغیر، بدن کا کوئی حصہ کاٹنے پر مجبور ہیں- العودہ اسپتال کے انچارج نے کہا ہے کہ الجبالیا کیمپ پر حملے میں شہید ہونے والے زیادہ تر بچے اور عورتیں ہیں-