ایک برطانوی شہری کو ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی کے موقع پر اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب اس نے ایک پولیس اہلکار سے بندوق چھیننے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق یہ شخص ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی ایک سال سے منصوبہ بندی کررہا تھا۔
امریکی سیکریٹ سروس کے حکام کا کہنا تھا کہ مائیکل سٹیون سینڈ فورڈ نامی شخص نے لاس ویگاس میں ہونے والی انتخابی ریلی کے دوران پولیس اہلکار کے پاس جا کر کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کا آٹو گراف لینا چاہتا ہے مگر پھر اس نے پولیس اہلکار سے اس کا ہتھیار چھیننے کی کوشش کی۔
پیر کے روز امریکی ریاست نیواڈا کی مقامی عدالت میں 20 سالہ سینڈ فورڈ کے خلاف مقدمہ سماعت کے لئے پیش کردیا گیا تھا۔ برطانوی شہری کے عدالت کی جانب سے متعین کردہ وکیل کا کہنا ہے کہ وہ ایک گاڑی میں رہنے پر مجبور ہے اور اس کا ویزا کچھ عرصے قبل ختم ہوچکا ہے اور وہ غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم ہے۔
یاد رہے کہ امریکی ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازعہ بیانات کی وجہ سے بدنام ہیں۔ وہ غیر قانونی تارکین وطن کے امریکا میں داخلے کے سخت مخالف ہیں اور وہ اپنے بیانات میں مسلمانوں کے امریکا داخلے پر پابندی کی بات بھی کرچکے ہیں۔