فوج کے زیر اقتدار میانمار کی ایک عدالت نے معزول رہنما آنگ سان سوچی اور ان کے سابق اقتصادی مشیر آسٹریلوی سین ٹرنل کو 3 سال قید کی سزا سنادی۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق دونوں پر سرکاری راز ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا تھا، جس میں زیادہ سے زیادہ 14 سال کی سزا ہے تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔ذرائع نے کہا کہ دونوں کو تین، تین سال قید کی سزا ہوئی جس میں کوئی سخت مشقت شامل نہیں۔
آنگ سان سوچی، سین ٹرنل اور ان کی اقتصادی ٹیم کے کئی ارکان ان ہزاروں افراد میں شامل ہیں جنہیں فوج نے گزشتہ سال کے اوائل میں ایک بغاوت کے ذریعے ان کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے گرفتار کیا تھا، جن میں سیاستدان، قانون ساز، بیوروکریٹس، طلبا اور صحافی شامل ہیں۔








