باسٹیر: آسٹریلیا نے ٹم ڈیوڈ کی ناقابل شکست 107رنوں کی طوفانی سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی-20 میچ میں 23 گیند باقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ 215 رنوں کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں تھا ، ایک موقع پر وہ 87 رنوں پر چار وکٹیں گنوانے کے بعد مشکلات کا شکار تھی۔
گلین میکسویل سات گیندوں پر 20رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد جوش انگلس (15)، مچل مارش (22) اور کیمرون گرین (11) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
مشکل وقت میں ٹم ڈیوڈ اور مچل اوون کی جوڑی نے طوفانی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 16.1 اوورز میں چار وکٹوں پر 215 رن بنا کر چھ وکٹوں سے جیت دلادی۔ ڈیوڈ نے صرف 16 گیندوں میں طوفانی نصف سنچری اسکور کی جو کہ آسٹریلیا کے لیے ٹی-20 کرکٹ میں اب تک کی تیز ترین نصف سنچری ہے۔ ٹم ڈیوڈ نے 11 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے ریکارڈ 36 گیندوں پر 102 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
یہ آسٹریلیا کی جانب سے ٹی-20 میں کسی بھی بلے باز کی تیز ترین سنچری ہے۔ مچل اوون نے 16 گیندوں میں تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 36 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جیسن ہولڈر نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آئی برینڈن کنگ اور کپتان شائی ہوپ کی اوپننگ جوڑی نے ویسٹ انڈیز کے لیے شاندار آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 125 رنز کی شراکت داری کی۔ 12ویں اوور میں مچل اوون نے برینڈن کنگ کو کیمرون گرین کے ہاتھوں کیچ کروا کر آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔
برینڈن کنگ نے چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 62 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والا کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ شمرون ہیٹمائر (9)، شرفن ردرفورڈ (12) روومین پاول (9) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ شائی ہوپ نے 57 گیندوں میں چھ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 102 رنز (ناٹ آؤٹ) بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس، ایڈم زمپا اور مچل اوون نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔