انا للہ وانا الیہ راجعون : ایران : ماہرین کونسل کے رکن اور معروف فلسفی آیۃ اللہ مصباح یزدی کا طویل علالت کے بعد جمعے کو انتقال ہو گيا۔ افسوس صد افسوس کہ آیت اللہ محمد تقی مصباح یزدی اس دار دنیا کو الوداع کہہ کر دار ابدی کی طرف کوچ کر گئے۔
تعلیمی و تحقیقاتی انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ایک مہینہ علالت کے بعد کچھ دیر قبل تہران کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے۔
اسلامی فلاسفر، انقلاب اسلامی کے سخت حامی اور ایران کی ممتاز علمی شخصیت جنہوں نے ساری زندگی اسلام اور انقلاب کی خدمت اور تعلیمات اہل بیت(ع) کو عقلی اور منطقی دلائل کے ساتھ بیان کرنے میں صرف کر دی تقریبا ایک مہینہ پہلے کچھ علالت کی وجہ سے تہران کے ایک ہسپتال میں ایڈمٹ ہوئے تھے۔
مجلس خبرگان یا ماہرین کونسل کے رکن، امام خمینی تحقیقاتی و تعلیمی مرکز کے سربراہ، مجتہد، فلسفی، مفسر اور قم کے اعلی دینی تعلیمی مرکز کے استاد آيۃ اللہ محمد تقی مصباح یزدی تقریبا ایک مہینے سے پیٹ کی بیماری کے سبب اسپتال میں داخل تھے اور جمعے کی شام کو ان کا انتقال ہو گيا۔ آيۃ اللہ مصباح یزدی اسلامی جمہوریہ ایران کے متعدد اہم اداروں کے رکن رہے ہیں اور انھوں نے تفسیر، فلسفہ، عقائد اور دیگر اسلامی موضوعات پر بہت سی کتابیں لکھی ہیں۔
“فلسفے کی تعلیم”، “قرآن مجید میں اخلاق” اور “اسلام کا سیاسی نظریہ” ان کی کچھ اہم کتابوں کے نام ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آيۃ اللہ مصباح یزدی کے انتقال پر ایک پیغام جاری کر کے خداوند عالم سے ان کے لیے رحمت و مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و سلامتی کی دعا کی ہے۔