رامپور: 31 جولائی(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع رامپور کی پولیس نے بدھ کو محمد علی جوہر یونیورسٹی میں چھاپہ ماری کی اور سماجوادی پارٹی(ایس پی) کے رکن پارلیمان و جوہر یونیورسٹی کے چانسلر اعظم خان کے بیٹے و رکن اسمبلی عبداللہ اعظم کو اپنی حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مسٹر عبداللہ نے کو فرضی دستاویزوں کے ذریعہ پاسپورٹ بنوانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔اور پوچھ گچھ کے لئے پولیس لائن لے گئی ہے۔ رکن اسمبلی پر الزام ہے کہ تاریخ پیدائش میں ردو بدل کر کے پاسپورٹ حاصل کیا ہے۔ذرائع کے مطابق جوہر یونیورسٹی میں پولیس نے منگل کو چھاپہ مارا تھا اور مدرسہ عالیہ کی کچھ کتابیں لائبریری سے برآمد کی تھیں۔ اس ضمن میں چار ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ منگل کو مسٹر اعظم کے خلاف سول لائن تھانے میں فرضی دستاویزات کے ذریعہ پاسپورٹ بنوانے کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ پولیس لائن جاتے وقت رکن اسمبلی عبداللہ اعظم نے اسے برسراقتدار پارٹی بی جے پی کی بدلے اور ڈرانے کی کاروائی قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت تعلیمی ادارے کو برباد کرنا چاہتی ہے۔