ایس پی کے سینئر لیڈر اور قومی جنرل سکریٹری اعظم خان بھی آج اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے آخری دیدار کیلئے پہنچے۔ اس دوران وہ بہت جذباتی ہو گئے۔ ان کے ساتھ ان کا بیٹا عبداللہ اعظم بھی موجود تھے۔ اعظم خان کے آتے ہی ملائم سنگھ کا پورا خاندان جذباتی ہو گیا۔
وہیں شیو پال سنگھ یادو، سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رام گوپال یادو، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی اور دیگر لیڈروں اور عام لوگوں نے سیفئی میں بزرگ سیاست دان ملائم سنگھ یادو کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس کے علاوہ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت ملائم سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے سیفئی آئیں گے۔ گہلوت دوپہر 1.45 بجے پہنچیں گے۔
کانگریس کی جانب سے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سپریمو اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کے جسد خاکی کو لوگوں کے آخری درشن کے لیے اٹاوہ کے سیفئی کے نمائش میدان میں رکھا گیا ہے۔ ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چندرابابو نائیڈو بھی ملائم سنگھ یادو کی آخری جھلک کے لیے سیفئی پہنچے۔ چندرا بابو نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔