اجودھیا میں رام مندرکی تعمیرکےلئے آرڈیننس لائے جانے کی صورت میں بابری مسجد ایکشن کمیٹی سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔ بابری مسجد ایکشن کمیٹی کی میٹنگ میں اس بارے میں کہا گیا ہے کہ اگرمرکزی حکومت رام مندرکی تعمیرکے لئے آرڈیننس لاتی ہے تووہ سپریم کورٹ میں اسے چیلنج دیں گے۔
نیوز18 سے بات چیت میں کمیٹی کے کنوینرظفریاب جیلانی نے کہا ہے کہ اس موضوع پرمسلسل بیان بازی ہورہی ہے، لیکن اس کا جواب کمیٹی کی طرف سے نہیں دیاجائے گا۔ کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹکراوکی حالت کوروکنے کے لئے وہ ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ انہیں جو بھی جواب دینا ہوگا، وہ سپریم کورٹ میں دیں گے۔
اجودھیا تنازعہ کولےکر4 جنوری سے سپریم کورٹ میں سماعت ہونی ہے۔ اسی کولے کربابری مسجد ایکشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں کئی موضوعات پرغوروخوض کیا گیا۔ ظفریاب جیلانی نے کہا کہ یہ معمول کی میٹنگ تھی، اس میں مسلمانوں سے امن وامان بنائے رکھنے کی اپیل کی گئی۔ لکھنومیں ہوئی میٹنگ میں کئی اہم مسلم دانشوروں نے شرکت کی۔