بہرائچ: اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے جنگلاتی ڈویژن بہرائچ کے نانپارہ ون رینج کے اپرہن پروا گاؤں میں تیندوے کے حملے میں 13سالہ ایک لڑکے کی موت ہوگئی۔
بہرائچ فاریسٹ ڈویژن کے ڈی ایف او سنجے شرما نے بدھ کو بتایا کہ منگل کی دیر شام کو مقامی افراد نے نانپارہ رینج دفتر کو اطلاع دی کہ چوک ساہار گرام پنچایت کے اپرہنپوروا گاؤں میں رہنے والا روہت(13) ولد پیرو اپنے ساتھی بچوں کے ساتھ کھیت کی جانب جارہا تھا۔ اسی دوان گنے کے کھیت میں روپوش تیندوے نے اس پر حملہ کر کے مار ڈالا۔ اطلاع ملنے پر محکمہ جنگلات کے ا فسر، محکمہ جنگلات کے اہلکار او ر پولیس موقع واردات پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
ڈویژنل جنگلاتی افسر نے بتایا کہ کئی ٹیمیں چیتے کی تلاش میں ہیں۔ گاؤں سے منسلک لکھیم پور کا گھنا جنگل، گنے کی کھیتی اور گاؤںمیں بجلی نا ہونے سے رات میں تلاشی مہم چلانے میں کافی دقت آرہی ہے ۔ ڈررون کیمروں و پانچ تھرمو سینسر کیمرے لگا کر تلاشی مہم دوبارہ شروع کی گئی۔ تیندوے کو پکڑنے کے لئے گاؤں کے نزدیک دو پنجرے لگائے گئے ہیں۔
ڈی ایف او نے بتایا کہ جانچ و رسمیات پوری ہونے کے بعد متوفی کے اہل خانہ کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔دیہی باشندوں کو شام کے بعد گھروں سے بے وجہ نا نکلنے ، بچوں کو تنہا نا چھوڑنے ، گھروں سے باہر نکلتے وقت احتیاط برتنے اور شور مچاتے ہوئے جھنڈ میں نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔