منامہ؛خلیجی ریاست بحرین میں ہفتے کے روز پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا انعقاد کیا گیا۔بحرین کے الیکشن کمیشن کے مطابق پارلیمنٹ کی 40 نشستوں اور 30 بلدیاتی کونسلوں کے انتخابات کے لیے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 65 ہزارتھی۔پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 41 خواتین سمیت 293 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔یہ انتخابات 40 انتخابی حلقوں میں ہوئے۔
دارالحکومت منامہ، المحرق، شمالی گورنری اور جنوبی گورنری میں ووٹ ڈالے گئے۔انتخابی عمل کے لیے مقرر کردہ انتظامیہ میں 2400 افراد شامل تھے جب کہ 231 مبصرین نے انتخابات کو مانیٹر کیا۔ بیرون ملک موجود 3600 بحرینی شہریوں نے 20 نومبر کو اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔قبل ازیں انتخابی مہم ختم کر دی گئی تھی، جس کے بعد کوئی امیدوار کسی بھی شکل میں یا سوشل میڈیا اور موبائل پیغامات کے ذریعے انتخابی مہم جاری رکھنے کا مجاز نہیں تھا۔