منامہ: اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے پر بحرینی شہری حکومت مخالف احتجاج کررہے ہیں‘ منامہ ؛خلیجی ریاست بحرین میں حکومت کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اعلان اور صہیونی ریاست کے ساتھ معاہدے کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ جمعہ اور ہفتے کے روز بھی دارالحکومت منامہ میں احتجاج کے دوران شہری سڑکو ں نکلے اور حکومت مردہ باد کے نعرے لگائے ۔
گزشتہ روز ہونے والے مظاہرے میں شہریوں نے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کی شدید مذمت کی۔ ادھر سماجی کارکنوں نے منامہ میں اسرائیل عرب دوستی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی تفصیلات اور ان کی تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں۔ سماجی کارکنوں نے بتایا کہ اسرائیل مخالف ریلی دارالحکومت منامہ میں ابو صبیح کے مقام سے شروع ہوئی ، جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے حصہ لیا۔
مظاہرین میں مردوں کے ساتھ خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین کی جانب سے اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کے قیام کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر مشتعل شہریوں نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے ، جن پر’جمعہ غضب القدس‘کے نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کو امت مسلمہ سے خیانت اور دھوکادہی قرار دیا اور منامہ حکام کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ واضح رہے کہ منگل کے روز امارات اور بحرین نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کے اعلان کے حوالے سے امریکا میں امن معاہدوں پر دستخط کیے تھے ۔