نوئیڈا : نوئیڈا کے سپرٹیک ٹاور کو اتوار کو گرانے کی تیاری پوری ہوچکی ہے ۔ ایڈیفس انجینئرنگ کمپنی کو ان دونوں عمارتوں کو منہدم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ احتیاط کے طور پر ٹوئن ٹاور کے نزدیک واقع ایمرالڈ کورٹ کے 660 گھر اور اے ٹی ایس ویلیج کے 762 گھر 28 اگست کو صبح سات بجے خالی کرا لئے جائیں گے ۔
ایمرالڈ کورٹ اور اے ٹی ایس ویلیج سوسائٹی کی گاڑیوں کیلئے دوسری پارکنگ کا بندوبست اور باغ باغیچوں کا تحفظ کیا جائے گا ۔ مگر لوگوں میں ان بلند عمارتوں کو منہدم ہوتے ہوئے دیکھنے کا اپنا الگ ہی ایک کریز ہے ۔
ایسی جانکاریاں سامنے آئی ہیں کہ سپر ٹیک ٹوئن ٹاور کے چاروں جانب بڑی بڑی عمارتوں کی بالکنی ‘وی آئی پی گیلری’ بننے جارہی ہے ، کیونکہ لوگ ان بالکنیوں سے ٹوئن ٹاور کو زمیں دوز ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں ۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اے ٹی ایس ون ہیملیٹ ( سیکٹر 104) اور دوسری سوسائٹیوں میں جن لوگوں کے گھروں کی بالکنی سے ٹوئن ٹاور گرتے ہوئے نظر آئے گا، ان کے دوستوں اور رشتہ داروں نے بالنکی کو پہلے ہی ‘بک’ کرلیا ہے ۔
کئی گھروں میں تو پورا کنبہ ہی دو پہر ڈھائی بجے ‘زندگی میں ایک مرتبہ’ ہونے والے اس واقعہ کا گواہ بننے کیلئے جمع ہورہا ہے ۔ کچھ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ رشتے دار اور دوست بھی ان کے ساتھ جڑنے کے خواہش مند ہیں۔ حالانکہ ٹریفک پابندی ان کے منصوبہ کو ناکام کرسکتے ہیں ۔