ڈھاکا: سری لنکا نے سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے آخری میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر کے فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔
سہ ملکی سیریز کے آخری میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔
سری لنکن باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے میزبان بلے باز بے بس نظر آءے اور پوری ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 24 اوورز میں 82 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مشفیق الرحیم 26 اور صابر رحمان 10 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا بھی ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے۔
سری لنکا کی جانب سے سورنگا لکمل نے 3 جبکہ چمیرا، پریرا اور سنداکن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف باآسانی 12ویں اوور کی پانچویں گیند پر بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا، اپل تھارنگا 39 اور گناتھیلاکا 35 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
سورنگا لکمل کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔