ممبئی:ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی)نے بینکوں سے کہا ہے کہ ان کے پاس 500روپے اور ایک ہزار روپے کے منسوخ ہوچکے جتنے بھی پرانے نوٹ آتے ہیں،ان کے بارے میں آج شام کوہی ای میل کے ذریعہ اسے مطلع کریں اور ہفتہ کو سبھی پرانے نوٹ آر بی آئی کے ماتحت دفتروں یا کرنسی چیسٹوں میں جمع کرادیں۔پرانے نوٹوں کو بینکوں میں جمع کرانے کی مدت ختم ہورہی ہے ۔
کل سے یہ نوٹ صرف ریزرو بینک کے دفاترمیں ہی جمع کرائے جاسکیں گے ۔اس لئے آر بی آئی نے بینکوں کو یہ ہدایت جاری کی ہے ۔ساتھ ہی یہ یقینی بنانے کے لئے کہ بینک پرانے نوٹوں سے حاصل جمع کی گئی کرنسی کو اپنے بیلینس شیٹ میں موجود نقدی میں نہ دکھائیں،ان سے کہا گیاہے کہ وہ ایسے نوٹوں کو 31دسمبر کو ہی ریزرو بینک کے ماتحت دفاتر یا کرنسی چیسٹوں میں جمع کرادیں۔اس نے کہا ”پرانے نوٹوں کو بینکوں میں جمع کرانے کی مدت ختم ہونے کے ساتھ 30دسمبر کو کاروبار کے ختم ہونے پر سبھی بینکوں کو ان نوٹوں کے مجموعہ کے بارے میں 30دسمبر کو ہی ای میل کے ذریعہ ریزرو بینک کو اطلاع دینی ہوگی۔اس کے لئے سبھی شاخوں سے معلومات حاصل کرنے کے لئے بینک کو انتظام کرنا ہوگا۔
جن بینکوں میں ریزرو بینک کے کرنسی چیسٹ ہیں،ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پرانے نوٹوں کو ان چیسٹوں میں جمع کرنے کے لئے ضروری انتظام کریں۔اس کے پیش نظر ہفتہ کی رات نوبجے کے بعد بھی رپورٹنگ کی سہولت موجود ہوگی۔کثیر تعداد میں پرانے نوٹ قبول کرنے کے لئے ایسے بینک اپنے احاطے کے اندر چیسٹ کا دائرہ بڑھا بھی سکتے ہیں،
بشرطیکہ وہ جگہ بھی کرنسی چیسٹ کی طرح محفوظ ہونی چاہئے ۔ضلع کوآپریٹیو مرکزی بینکوں (ڈی سی سی بی ) میں 10 نومبر سے 14 نومبر کے درمیان جمع پرانے نوٹوں کے بارے میں مرکزی بینک نے کہا ہے کہ ان نوٹوں کے انتظام کے بارے میں ہدایات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ آر بی آئی نے 17 نومبر کو جاری ہدایات میں کہا تھا کہ ڈی سی سی بی پرانے نوٹ قبول نہیں کر سکتے لیکن اس وقت تک ان بینکوں میں بھی پرانے نوٹوں کے طور پر بہت نقد جمع کرائی جا چکی تھی۔