بولی وڈ اداکار رنبیر کپور تو اپنی شادی کے حوالے سے کسی قسم کا بیان دیتے نظر نہیں آتے، تاہم ان کے والد اداکار رشی کپور کی بات کی جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں رنبیر کی شادی کی بےحد جلدی ہے۔
رنبیر کپور نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ اور اداکارہ عالیہ بھٹ ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، تاہم ابھی ان کے رشتے کی شروعات ہے اس لیے وہ اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے۔
اس بیان کے بعد سے رنبیر اور عالیہ دونوں کی ایک ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئیں۔
مڈ ڈے کو دیے ایک انٹرویو میں رشی کپور نے رنبیر کپور کا گھر بستا دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ’اب رنبیر کپور کو شادی کرلینی چاہیے، میں نے 27 سال کی عمر میں شادی کرلی تھی، رنبیر اس وقت 35 سال کا ہوچکا ہے، اس لیے اسے اس بارے میں سوچنا چاہیے، وہ اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کرسکتا ہے اور ہمیں اس بات سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، میں اپنے گزر جانے سے قبل پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں‘۔