نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 3 جنوری 2025 کو دہلی میں 4300 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ ان منصوبوں میں اشوک وہار میں غریبوں کے لیے 1675 مکانات شامل ہیں، جن کی چابیاں آج ان کے حوالے کی گئیں۔
وزیر اعظم نے نوروجی نگر میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر، سروجنی نگر میں سرکاری ملازمین کے لیے ٹائپ-2 کوارٹرز اور دوارکا میں سی بی ایس ای کے انٹیگریٹڈ آفس کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا۔
دہلی یونیورسٹی کے لیے بھی وزیر اعظم نے 600 کروڑ روپے سے زائد کے 3 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں نجف گڑھ کے روشن پورہ میں ویر ساورکر کالج، سورج مل وہار میں یونیورسٹی کے مشرقی کیمپس اور دوارکا میں مغربی کیمپس شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے غریبوں کو مکانات فراہم کرتے ہوئے کہا، ’’یہ مکان صرف ایک چھت نہیں بلکہ عزت نفس اور نئے خوابوں کی علامت ہے۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے اشوک وہار میں مکانات کا معائنہ بھی کیا اور طلبہ سے گفتگو کی۔
انتخابات کے پیش نظر ان اعلانات کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔ دہلی میں بی جے پی 27 سال سے اقتدار سے باہر ہے اور آئندہ انتخابات میں واپسی کے لیے کوشاں ہے۔ اس دوران دہلی بی جے پی نے وزیر اعظم کی تصویر اور ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ’دہلی چلی مودی کے ساتھ‘ کے عنوان سے ایک پوسٹر جاری کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل اعلانات اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو مائل کرنے کا چلن بڑھتا جا رہا ہے۔ دہلی میں یہ اعلانات بھی اسی حکمت عملی کا حصہ سمجھے جا رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں وزیر اعظم نے دہلی کے لیے کئی اہم ترقیاتی منصوبے پیش کیے ہیں، جن کا مقصد نہ صرف عوامی سہولتوں میں اضافہ کرنا ہے بلکہ بی جے پی کے سیاسی امکانات کو بھی مضبوط بنانا ہے۔